ابنا: بان کی مون نے نائیروبی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کے کئی کارکن مارے گئے ہيں۔ ہلاک ہونےوالوں میں آٹھ غیرملکی اور چار افغان شہری ہیں ۔ نیٹو اور روس نے بھی اقوام متحدہ کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے اس نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے کارکنوں کی حفاظت کے لئے مزید انتظامات کررہا ہے ۔
عینی شاہدوں اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مزارشریف میں اقوام متحدہ کے دفتر پر جمعہ کو یہ حملہ اس وقت ہوا جب لوگ امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک کلیسا میں ایک انتہا پسند پادری کے ہاتھوں قرآن کریم کی بے حرمتی کئے جانے کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ مظاہرہ پرامن طریقے سے جاری تھا کہ نہ جانے کیوں مظاہرین میں سے کچھ لوگ اچانک مشتعل ہوگئے اور انہوں نے مزار شریف میں اقوام متحدہ کے دفتر پر حملہ کردیا ۔ اقوام متحدہ کے بھی ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ بتانا فی الحال مشکل ہے کہ حملہ کیسے ہوا اور اقوام متحدہ کو کیوں نشانہ بنایا گیا لیکن یہ ادارہ اپنا کام کرتا رہے گا اور افغانستان میں قیام امن کی کوششیں جاری رہیں گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110